وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہاہے کہ تعلیم کا شعبہ ہرقسم کی سیاست سے پاک ہونا چاہئے، تعلیم کے فروغ کیلئے تمام صوبوں کو ملکر کام کرنا ہوگا، ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کا جلد نفاذ ہوگا، حکومت فروغِ تعلیم کیلئے متعدد پروجیکٹس پرکام کررہی ہے، ملک میں وائرل امراض کا پھیلائو بہت زیادہ ہے، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کا قیام مثبت قدم ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کے تحت بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں منعقدہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور حسین ابراہیم جمال فائونڈیشن کی محترمہ ثمن عزیز جمال نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن نادرہ پنجوانی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ حسین ابراہیم جمال فائونڈیشن کے سربراہ عزیز جمال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ سے طبقاتی امتیاز میں کمی واقع ہوگی، حکومت نے59ارب روپے اعلیٰ تعلیم کی مد میں مختص کئے ہیں، متعدد پروجیکٹس پر کام ہورہاہے جس سے تعلیم اور تعلیمی اداروں کا معیار بلند ہوگا، پاکستان کو کئی وائرل امراض کا سامنا ہے، انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کا قیام بہتری کی نوید ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ اربوں روپوں کی مدد سے متعدد صنعت، زراعت، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، نیون ٹیکنالوجی، انڈسٹریل بائیوٹیکنالوجی، خلائی سائنس وغیرہ سے متعلق پروجیکٹس پر کام ہورہاہے، انہوں نے بین الاقوامی مرکز کی ترقی سے متعلق کہا کہ اس ادارے کی چار اہم خصوصیات ہیں جس میں اعلی فیکلٹی، تربیت یافتہ ٹیکنیشن، لائق طالب علم اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ شامل ہیں۔ پروفیسر خالد عراقی نے کہا پاکستان میں انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کے قیام سے وائرولوجی کے شعبے میں استعداد پیدا ہوگی۔پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا وائرس سے پھیلنے والے امراض کے مریضوں کی تعداد میں پاکستان دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ ثمن عزیز جمال نے کہا حسین ابراہیم جمال فاونڈیشن نے بین الاقوامی مرکز میں تین عالمی معیار کے تحقیقی ادارے تعمیرکئے ہیں جبکہ عنقریب ایک نئے ادارے ایل ای جے نینو ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کا افتتاح کیا جائیگا۔
تعلیم کا شعبہ ہرقسم کی سیاست سے پاک ہونا چاہئے: شفقت محمود
Sep 18, 2019 | 22:58