چوہدری برادران کے خلاف بنک نادہندگی کیس میں انکوائری بند ،رپورٹ عدالت جمع 

Sep 18, 2020

لاہور(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے چوہدری برادران کے خلاف بینک نادہندگی کیس کی انکوائری بند کرنے کے حوالہ سے رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروادی گئی۔ جبکہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور غیرقانونی بھرتیوں کے حوالہ سے جاری انکوائریوں کے حوالہ سے پیش رفت رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں جمع کروائی جائے گی۔  نیب نے  چوہدری برادران کے خلاف  تین  انکوائریاں شروع کررکھی ہیں جن میں غیر قانونی بھرتیاں، آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور بینک نادہندگی کا معاملہ شامل تھا۔ چوہدری برادران کو صرف ایک کیس میں ریلیف ملا ہے۔2017میں نیب کی جانب سے چوہدری برادران کے خلاف بینک  نادہندگی کیس کی انکوائری بند کر دی گئی تھی اور اب جبکہ چوہدری برادران کی جانب سے ان انکوائریوں کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے تو جمعرات کے روز نیب کی جانب سے بینک نادہندگی کیس میں انکوائری بند کرنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروادی گئی اور یہ کہا گیا کہ 2017میں انکوائری اس وجہ سے بند کی گئی تھی کہ اس میں چوہدری برادران کے خلاف کسی قسم کے کوئی شواہد نہیںملے۔

مزیدخبریں