لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کرکٹرز کی امارات کے سٹیڈیم میں لگی تصویر کو فیڈ کرنے سے کچھ نہیں ہو سکتا، پاکستانی کرکٹرز کو دنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی بہت بڑی تعداد میں پسند کیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی ہیروز کی تصاویر کو ہی دھندلا (فیڈ) کیا جا سکتا ہے تاہم لوگوں کی دلوں میں موجود تصاویروں کو کیسے ختم کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس اور ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز نواز نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی اور امارات کے آفیشلز کے ساتھ شائع ہونے والی ایک تصویر جس کے عقب میں موجود بڑے بل بورڈ پر پاکستان کرکٹر کی تصویر کو دھندلا کر کے جاری کرنے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ بھارتی تعصب آج کی بات نہیں ہندو بنیا نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ ایسا کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی کی جب کوئی تصویر جاری ہو تو اس میں پاکستانی کرکٹرز کا کوئی پوسٹر نمایاں نظر آتا ہو۔ بھارت میں کرونا وائرس کی وبا کی بنا پر آئی پی ایل کے میچز امارات میں ہی کھیلے جانے ہیں جہاں کے سٹیڈیم کے ارد گرد پاکستانی کھلاڑیوں کے سٹیمر اور بل بورڈ نمایاں طور پر لگے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور سابق کپتان سارو گنگولی ویسے بھی پاکستان کے ساتھ بہت زیادہ تعصب رکھتے ہیں وہ کیسے برداشت کر سکتے ہیں کہ ان کی جاری تصویر کے پیچھے پاکستانی کرکٹرز کی تصویر نمایاں ہو۔ ریورس سوئنگ کے موجد سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت اور اس کے کرکٹ بورڈ حکام کو پاکستان اور پاکستانی کرکٹرز سے ہمیشہ خوف ہی رہا ہے۔ ایسے میں کیسے ممکن ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں پاکستانی شائقین کی تعداد بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے امارات میں کرکٹ کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔
گنگولی سے پاکستانی کرکٹرز کی نمایاں تصاویر برداشت نہیں: محمد الیاس، سرفراز احمد
Sep 18, 2020