ساہیوال، سرگودھا ( شفیق چودھری سے) حضرت خواجہ محمد حمید الدین سیالوی سجادہ نشین آستانہ عالیہ سیال شریف وفات پاگئے۔ ان کی نماز جنازہ آج 18 ستمبر بروز جمعہ آستانہ عالیہ سیال شریف میں ادا کی جائے گی۔خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی علیل تھے۔ ان کی طبیعت اچانک بگڑی اور انہیں سرگودھا کے ایک نجی ہسپتال میں لے جایا گیا جہاں آئی سی یو میں ان کو طبی امداد دی جارہی تھی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور جان جانِ آفریں کے سپرد کردی۔ ان کی عمر ستاسی برس تھی۔ وہ اپنے والد شیخ الاسلام خواجہ محمد قمرالدین سیالوی کے وصال کے بعد 1982میں سجادہ نشیں بنے۔ انہیں نواز شریف کی پہلی حکومت کے دوران مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینیٹر رہنے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔ ان کے چھوٹے بھائی غلام نصیرالدین سیالوی صوبائی وزیر اوقاف رہے۔ حمیدالدین سیالوی نے نواز شریف حکومت کے خلاف ختم نبوت کے مسئلہ پر 2017میں ملک گیر تحفظ ختم نبوت تحریک کی قیادت بھی کی۔ ان کی وفات کی خبر سن کر مریدین کی سیال شریف میں آمد جاری ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک و ملت کے گہرا نقصان قرار دیا ہے۔