نیا صوبہ بھی بنے گا، افسر دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکلیں: عثمان بزدار

Sep 18, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت سرکٹ ہائوس ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز کا پہلا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات سیکرٹریز کو عوام کی خدمت، گڈگورننس اور عوامی مسائل کے حل کیلئے گائیڈ لائنز دیں۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں متی تل روڈ پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ سے سرکٹ ہائوس ملتان میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں کے حلقو ںکے مسائل سنے۔ وزیراعلیٰ نے ملتان کے ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کی سکیموں اور حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹریز سے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دراوزے عوام کیلئے کھولے جائیں اور تمام افسر اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں۔ اوپن ڈور پالیسی کے ذریعے جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل سنے جائیں اور انہیں حل کیا جائے۔ افسر دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکلیں اور تمام امور کا خود جائزہ لیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا گورننس ماڈل مثالی ہونا چاہئے۔ افسروں کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا۔ عوام کی خدمت کیلئے دن رات وقف کر دیں۔ نیک نیتی اور محنت سے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ سرکاری امور کی ادائیگی میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کرپشن نہ پہلے برداشت کی، نہ آئندہ برداشت کروں گا۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل کئے جائیں، انہیں کام کیلئے لاہور نہ جانا پڑے۔ افسروں کو مکمل اختیار اور آزادی دی ہے اور اب وہ عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ صوبائی وزیر اختر ملک نے کہا کہ عثمان بزدار وزیراعلیٰ نہ ہوتے تو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نہ بنتا۔ رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ  جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا کریڈٹ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان میں جنوبی سیکرٹریٹ 500 کنال اراضی پر محیط ہوگا۔ سیکرٹریٹ کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے۔ سابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔ خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ کو ملتان اور شجاع آباد کے لوگوں کو قرض حسنہ دینے کیلئے 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ عثمان بزدار نے ملتان میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے کیمپس اور آواز سے کنٹرو ل ہونے والی خصوصی وہیل چیئر بنانے کے سینٹر ،نابینا افراد کیلئے پبلشنگ سینٹر برائے بریل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین پر تشدد کے واقعات کے سدباب کے لئے قائم سینٹر کی بحالی کے پروگرام کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکٹ ہائوس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔وکلاء کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب صوبے کی جانب پہلا قدم ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کو اسمبلیوں میں دو تہائی اکثریت حاصل نہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے الیکشن میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا جو وعدہ کیا اس کی جانب قدم اٹھ رہے ہیں اور ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ قائم کئے گئے ہیں اور بہت جلد وزیراعظم عمران خان ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انشاء اللہ جنوبی پنجاب صوبہ بھی بنے گا۔ ملتان کو میں اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں اور میں یہاں کے لوگوں اور ان کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہوں۔ عثمان بزدار نے ایمرسن کالج ملتان کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا۔ تحریک انصاف اور وکلاء کا تعلق بہت پائیدار ہے اور یہ تعلق کسی بیان کا محتاج نہیں۔ وکلاء برادری نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے۔ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ جیل ملتان کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر جیل میں قیدیوں کے مسائل، بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی اور فرائض سے غفلت پر سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری ارشد وڑائچ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جیل کے ہسپتال کا بھی معائنہ کیا اور قیدی مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے شکایت باکس کھولنے کا کہا تو جیل کا عملہ چابی نہ ڈھونڈ سکا۔ شکایت باکس توڑنے پر خالی نکلے۔ وزیراعلیٰ نے اس پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر شکایت باکس خالی پڑے ہیں تو انہیں رکھنے کا کیا فائدہ؟ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے الیکٹرک واٹر کولر میں پانی چیک کیا تو پانی گرم تھا جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے استفسار کیا لیکن سپرنٹنڈنٹ جیل تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ عثمان بزدارنے رات گئے بغیر پروٹوکول ملتان شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ ملتان کی انتظامیہ بھی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دورے سے لاعلم رہی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صفائی کی خراب صورتحال اور سٹریٹ لائٹس کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور حکام کی باز پرس کی۔ بوسن روڈ، ملتان پبلک سکول اور بعض دیگر علاقوں میں کوڑا کرکٹ دیکھ کر سخت ناراضی کااظہار کیا اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جواب طلبی کی گئی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیف ایگز یکٹو آفیسر ایم ڈبلیو ایم سی سے 2 روز میں تحریری وضاحت مانگ لی گئی۔ عثمان بزدارنے بہاولپور کے علاقے میں زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی مبینہ خودکشی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں