اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) معاون خصوصی شہباز گل نے مولانا فضل الرحمن کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے ہمیشہ کرپشن اور اقربا پروری کی سیاست کی۔ انہوں نے اپنی پوری سیاست اور حمایت کی قیمت ایک سیٹ رکھی ہے۔ حکومت تسلیم نہ کرنے کی بات وہ کر رہے ہیں جو اپنے آبائی حلقے سے بھی ہار چکے ہیں۔ شہبازگل نے شہبازشریف کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے خاندان کے ساتھ آپ کا کرپشن الائنس سب کو پتہ ہے۔ بلاول کے والد کا پیٹ پھاڑنے کی شوبازی بھی آپ کر چکے ہیں۔ ماضی میں ایک دوسرے سے دست و گریبان کرپشن بچانے کیلئے بغلگیر ہیں۔ کرپشن بچانے کیلئے جتنی گراوٹ کا شکار آپ ہیں اس سے زیادہ نہیں کر سکتے۔ ججز اور انصاف کی باتیں شہباز شریف کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں۔ بات نکلی تو پھر دور تک جائے گی۔ پاکستانی نظام عدل کا جتنا مذاق آپ نے اڑایا اس کی مثال نہیں ملتی۔
شہباز شریف کے منہ سے انصاف کی بات نامناسب فضل الرحمن کی سیاسی قیمت ایک سیٹ: شہبازگل
Sep 18, 2020