نااہل سلیکٹڈ حکومت کی گنجائش نہیں رہی: فضل الرحمن 

Sep 18, 2020

چترال (این این آئی) جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نا اہل اور سلیکٹڈ ہے۔ بہت ہوگیا اس کو مزید برداشت کر نے کی گنجائش نہیں۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ مزدور رو رہا ہے،کسان پریشان، ڈاکٹرز احتجاج پر، اساتذہ بے حال ہیں۔ کس کس کا نام لوں پوری قوم پریشان ہے، وطن عزیز میں ہر شخص غیر محفوظ ہے۔ جمعرات کو جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمائدین چترال اور چترال کی غیور عوام کے جذبہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ کے بعد آپکی خدمت میں حاضر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی آقائوں کی غلامی سے آج ہمیں نجات حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ پریشان ہے، نا ہماری زندگیاں محفوظ اور نا عقیدہ محفوظ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارہ ووٹ، ہمارا روزگار کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حالت میں ڈنکے کی چوٹ پر کہنا چاہتا ہوں دھاندلی کی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نااہل اور سلیکٹڈ ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے چترال میں جلسہ سے خطاب میں مزید کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پاس ملکی ترقی کیلئے کوئی وژن نہیں۔ تمام بڑے منصوبے بشمول چکدرہ، چترال روڈ سی پیک سے نکال دیئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں