جڑانوالہ، گجرات، ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگاران) جڑانوالہ میں غربت کے باعث لڑائی جھگڑوں پر مسیحی میاں بیوی نے خودکشی کر لی۔ گجرات میں 3 بچوں کا فالج زدہ باپ مرد اور خرچے کے پیسے نہ ہونے پر پھندے سے جھول گیا۔ ساہیوال میں سیکنڈ ایئر کے طالب علم نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چک 240 میںغربت، گھریلو جھگڑے پر میاں بیوی نے زہر کھا کر خود کشی کر لی۔ شہباز مسیح اور تبیتا کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی۔ تبیتا حاملہ تھی، اہل خانہ نے واقعہ چھپانے کی کوشش کی۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز دونوں کے مابین معمولی جھگڑا و تلخ کلامی ہوئی جس پر دلبرداشتہ ہو کر تبیتا نے واش روم جا کر تیزاب پی لیا اور ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ بیوی کی میت کو دیکھ کر شہباز نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ گزشتہ رات الائیڈ ہسپتال میں وہ بھی دم توڑ گیا۔ تبیتا 6ماہ کی حاملہ تھی۔ دونوں نعشیں ایک ساتھ اٹھنے پر اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔ گجرات سے نامہ نگارکے مطابق دوا اور خرچے کے پیسے نہ ہونے پر 3 بچوں کا فالج زدہ باپ پنکھے سے جھول گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محلہ اقبال کالونی جلالپورجٹاں کا رہائشی خالد پرویز بٹ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔ چند ماہ قبل فالج کی بیماری کا شکار ہوا۔گزشتہ روز دوائی اورگھریلو خرچہ ختم ہوگیا۔ بیوی اپنے تین بچوں کے ہمراہ میکے رقم کے حصول کیلئے گئی واپس آئی تو گھر پر خاوند کی نعش پنکھے کیساتھ لٹکی ہوئی تھی۔ سٹی پولیس کو اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئی۔ لواحقین نے کسی بھی قانونی کارروائی سے انکار کردیا اور نعش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق جہاز گرائونڈ میں سیکنڈ ایئر کے طالب علم محمد طاہر مقصود نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ خودکشی کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ طالب علم دیپالپور کا رہائشی تھا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔
غربت، جھگڑے: جڑانوالہ میں میاں بیوی، گجرات بیمار، ساہیوال میں طالب علم کی خودکشی
Sep 18, 2020