صدارتی آرڈیننس سے بجلی بلوں میں ٹیکس معاشی دہشت گردی : شہباز شریف

Sep 18, 2021

کوئٹہ+اسلام آباد+لاہور(بیورو رپورٹ+نوائے وقت  رپورٹ+خصوصی رپورٹر) شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کوئٹہ سٹی کے صدر نسیم اللہ اچکزئی اور جنرل سیکرٹری سجاد علی خان کی قیادت میں  وفد نے ملاقات کی۔ جنرل سیکرٹری سجاد علی خا ن نے  شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کو کوئٹہ سٹی میں فعال اور منظم بنانے کیلئے  اقدامات سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا اور بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کوئٹہ سٹی میں فعال اور منظم بنانے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جارہی ہیں اور جلد ہی کوئٹہ سٹی سے اہم شخصیات مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نظریاتی ورکرز پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پارٹی اپنے کارکنوں کو کبھی بھی مایوس نہیں کرے گی۔ مشکل کے اس وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والے ہی پارٹی کے اصل اثاثہ ہیں۔ انشاء اللہ آنے والا وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہی ہے اور مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔ شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدارتی آرڈی ننس سے بلوں میں ایڈوانس انکم ٹیکس کا نفاذ معاشی دہشتگردی ہے ظلم کی حکومت کو جانا ہوگا انہوں نے کہا کہ پٹرولیم  قیمتوں کا بم گرانے کے بعد حکومت نے عوام پر مہنگی بجلی کا ایٹم بم گرا دیا ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے الیکشن کمشن کے ممبران کی تقرری کے معاملہ پر وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔ شہباز شریف نے خط میں ممبر پنجاب کیلئے 6 نام تجویز کر دیئے۔ جسٹس (ر) طارق افتخار، جسٹس (ر) مشتاق احمد، خالد مقصود، جاوید انور، سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر اور عرفان علی کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔ ممبر خیبر پی کیلئے افسر شاہ، سردار حسین، سہیل الطاف کا نام تجویز کئے گئے۔صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی بلوں میں 5 سے 35 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کا نفاذ حکومت کی عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے۔ اس ظلم کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ ظالم اور نالائق حکومت ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلی ہے۔ بے رحمی سے عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں