تعلیمی نصاب کاروباری ضرورت  کیمطابق ترتیب دیا جائے ، اسماعیل ستار

کراچی ( کامرس رپورٹر)ایوان صنعت وتجارت لسبیلہ کے سابق صدر اسماعیل ستار نے کہا کہ ملک میں روزگار مہیا کرنے کے لئے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو فوری ملازمتیں مہیا کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ جامعات اپنے نصاب کو انڈسٹری اور بزنس کی ضرورت کے مطابق ڈھالیں۔وہ ایوان صنعت وتجارت لسبیلہ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ و ٹیکنالوجی خضدار کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے یقین دلا یا کہ اسطرح کے نصاب کی تدوین میںایوان صنعت وتجارت لسبیلہ و تجارت ، یونیورسٹی کے ساتھ بھر پور تعاون کریگا۔ نصاب میں ایسی تبدیلوںکے نتیجے میں فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے لئے لسبیلہ بلکہ پورے ملک میں روزگار کے شاندار موقع پیدا ہونگے۔بعد ازاں ڈاکٹر احسان ﷲ کاکڑشیخ الجامعہ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدارکو ایوان صنعت وتجارت لسبیلہ کا نشان پیش کیا گیا۔اس موقع پر ایوان صنعت وتجارت لسبیلہ سیکریٹری جنرل انجم رفعت ﷲ خان ، بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے   اے۔زیب خان،ڈپٹی سیکریٹری محمد فرحان اور ایوان صنعت وتجارت کے ممبران بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن