2600 افغانوں کو عارضی رہائشی اجازت نامے دینگے:جرمن حکومت

برلن (این این آئی)برلن حکومت نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد وہاں سے نکالے گئے چھبیس سو متاثرہ ترین افغان شہریوں کو جرمنی میں رہنے کے لیے عارضی رہائشی اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔جرمن وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان کے مطابق ویزوں کے اجراء  کی فہرست میں ایسے افغان شہری  شامل کیے گئے ہیں، جن کی حفاظت کی جرمنی پر خاص طور سے ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔برلن حکومت کے مطابق انسانی حقوق کے کارکنان، صحافی، فنکاروں کے ساتھ ساتھ سائنسدان اور سول سوسائٹی کے ممبران کا شمار ایسے متاثرہ گروپ میں ہوتا ہے، جن کی جانوں کو  طالبان کے دور حکومت  میں خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد چند ہی ہفتوں کے دوران جرمن فوجی دستے 4587 افراد کو اس شورش زدہ ملک سے باہر نکالنے میں کامیاب رہے۔ ان میں 3800 افغان شہری تھے، جن میں سے زیادہ تر  جرمن فوج اور جرمن کمپنیوں کے ساتھ مقامی عملے کے طور پر وابستہ رہے تھے۔ کابل سے ایئر لفٹ آپریشن  مکمل ہونے کے بعد  خصوصی پروازوں کے ذریعے کئی افغان باشندے قطر پہنچائے گئے۔ ان میں سے سینکڑوں افراد اب جرمنی پہنچ چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن