لاہور (کامرس رپورٹر) اپنے رائیڈرز کی حفاظت اور ان کی بہتر دیکھ بھال کو ترجیح دینے کے سلسلے میں فوڈ پانڈا نے پنجاب ٹریفک پولیس کے اشتراک سے روڈ سیٹی اور ٹریننگ سے متعلق آگہی سیشن کا انعقاد کیا ۔سیشن میں تربیت اورآگہی پھیلانے کا کام لاہور ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن برانچ کی انچارج انسپکٹر فہمیدہ کی جانب سے سرانجام دیا گیا۔ اس موقع پر فوڈ پانڈا کے ہیڈ آفس لاجسٹکس حیدر ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ حادثات کی روک تھام ممکن ہے اور صرف ایک حادثہ بھی بہت اہمیت رکھتا ہے ۔فوڈ پانڈا میں ہماری ترجیح اپنے سٹیک ہولڈرز کی صحت و حفاظت کو یقینی بنانا ہے اس تربیتی سیشن کا مقصد یہ ہے کہ رائیڈرز کیساتھ ساتھ ان کے اہلخانہ اور مجموعی معاشرے میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں۔ سیشن کاافتتاح کرتے ہوئے انسپکٹر فہمیدہ نے کہا انتہائی ضروری ہے کہ حادثات کی تعداد میں کمی لانے کیلئے مناسب تربیت اور آگہی پھیلائی جائے اور اس کام میں معاونت کے لئے فوڈ پانڈا ہماری سڑکوں کو زیادہ محفوظ بنا رہا ہے جو قابل ستائش عمل ہے۔