اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز منسوخی پر سیاستدانوں نے ردعمل دیا ہے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے نیوزی لینڈ ٹیم نہیں تو کوئی اور سہی۔ پاکستان کرکٹ اور سیاحت کیلئے محفوظ ملک ہے۔ پاکستان زندہ باد۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دی گئی۔ واپسی کا فیصلہ ان کا اپنا تھا۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے جانے سے پاکستان میں کرکٹ ختم نہیں ہوئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا ہے کہ کرکٹ ہمارا جنون ہے پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیمیں آئیں گی۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ہونی چاہئے۔ کرکٹ پاکستانی قوم کے دلوں میں ہے۔ پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والوں کو ناکام بنانا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستانی اپنے ملک میں عالمی کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم کا چلے جانا دکھ کی بات نہیں۔
نیو زی لینڈ نہ سہی کوئی اور سہی، پاکستان محفوظ ملک: فرخ حبیب
Sep 18, 2021