کوٹہ سسٹم تقرریوں کے خلاف وفاقی حکومت نے عدالت میںجواب جمع کرادیا

کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائیکورٹ میں کوٹہ سسٹم کی معیاد ختم ہونے کے باوجود تقرریوں کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے جواب جمع کرادیا ،جواب میں کہاگیاہے کہ کوٹہ سسٹم 1973 کے آئین کے آرٹیکل 27 کے تحت پہلے دس سال کے لئے نافذ کیا گیا تھا،1985 کے بعد بتدریج کوٹہ سسٹم میں صدارتی آرڈیننس کے تحت توسیع کی جاتی رہی ہے،وفاقی حکومت کاکہناہے کہ 2013 میں کوٹہ سسٹم میں بیس سال کی توسیع کی منظوری دی گئی لیکن پارلمنٹ کی مدت ختم ہونے کے باعث ترمیم نہیں ہوسکی تھی،موجودہ حکومت نے مشاورت کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے، جواب میں کہاگیاکہ کمیٹی کی جانب سے سفارشات کے باوجود کابینہ نے اس پر اٹارنی جنرل سے رائے طلب کی تھی اس کے لیے وزیر اعظم کی منظوری کا انتظار ہے، کوٹہ سسٹم وفاق کے تمام یونٹس کے لوگوں کو ملازمت اور ترقیوں میں مساوی حصہ دینے کے لئے رائج کیا گیاہے، وفاقی حکومت نے عدالت میں دیئے گئے جواب میں انکشاف کیاکہ چاروں صوبوں کے بعد گلگت بلتستان کے لئے بھی چار فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے،درخواست غیر ضروری ہے مسترد کی جائے، عدالت نے درخواست گزار سے جواب الجواب طلب کرلیاواضح رہے کہ ملک بھر میں ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم مقرر کرنے کے خلاف پاسبان پاکستان نے درخواست دائر کی تھی۔

ای پیپر دی نیشن