لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے جمعہ کے خطبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے موجودہ انٹر نیٹ اور موبائل کے دور میں والدین کا فرض ہے کہ وہ بچوں کی دینی تقاضوں کے مطابق تربیت کریں۔ اور اس کے ساتھ ساتھ تمام مسالک کے علمائ تعصبات سے بالا تر ہو کر نئی نسل کی درست سمت میں رہنمائی کریں تاکہ بحیثیت مسلمان ہماری بنیاد مضبوط ہو۔ اور اپنی اسلامی تاریخ سے آگاہ ہوں۔ ہمارا ثقافتی اور معاشرتی ورثہ اسلام کی تعلیمات میں پوشیدہ ہے اسے اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ باطل قوتیں بالواسطہ اور بلا واسطہ اخلاقی بگاڑ کر بڑھانے میں تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں۔ حالات چاہے جو بھی ہوں ہمیں اپنے اندر کے مسلمان کو بھٹکنے نہیں دینا۔ تعلیمی ادارے طلباء میں اسلامی تشخص اجاگر کرکے ایسے نوجوان تیار کریں جو قیامت تک رہنے والے دین کی حفاظت کریں اور طاغوت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ اس کے لئے انہیں پہلے قول و فعل کے تضاد کو دور کرنا ہوگا۔