اٹک(نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے تھانہ جنڈ میں سرکل جنڈ کے پولیس افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا۔ پولیس افسران قانون کے یکساں طور پر نفاذ کو یقینی بناتے ہوئے سروس ڈلیوری میں مزید بہتری لائیں۔ ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے دیگر سرکل کی طرح آج تھانہ جنڈ میں سرکل جنڈ کے پولیس افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا۔ کرائم میٹنگ میں ڈی ایس پی جنڈ ملک تفسیر، سرکل جنڈ کے ایس ایچ اوز اور سرکل جنڈ کے تمام تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ کرائم میٹنگ میں سرکل جنڈ کے تھانہ جات کے کرائم اور مجرمان اشتہاری کے ریکارڈ کا الگ الگ جائزہ لیا گیا ۔ڈی پی او اٹک نے مجموعی طور پر جرائم کی شرح اور پولیس کی کار کردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سنگین نوعیت کے زیر تفتیش مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور ان مقدمات کی جلد از جلد یکسوئی کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق جدید پولیسینگ اور سمارٹ ورکنگ کے حوالے سے شروع کئے گئے تمام پراجیکٹس کی کامیابی,عوام کیساتھ شائستہ برتاؤ اور فوری رسپانس سے مشروط ہے۔