کراچی (وقائع نگار)سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی میں ڈین فیکلٹی آف سائنس کی تقرری کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے جون 2020 کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے دیا۔جمعہ 17ستمبر کو سائنس فیکلٹی کے سربراہ کی تقرری کے درخواست پر سماعت ہوئی درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مدعا علیہان نے سنیارٹی کے اصول کے خلاف نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ بدنیتی کی بنیاد پر درخواست گزار کا نام سربراہ کی اہلیت کے پینل میں شامل نہیں کیا گیا، اساتذہ اپنی ملازمت سے مطمئن نہیں ہونگے تو تدریس اور ریسرچ کا کام متاثر ہوگا۔درخواست میں وائس چانسلر، جامعہ کراچی اور سیکریٹری برائے جامعات سندھ کو فریق بنایا گیا۔ہائی کورٹ نے فریقین کا موقف سننے کے بعد سائنس فیکلٹی کے سربراہ کی تقرری کا عمل میرٹ (اہلیت کی بنیاد) پر کرنے کی ہدایت کر دی۔