سکردو بیس کا دورہ‘ ملکی خودمختاری کو  لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار: ایئر چیف

Sep 18, 2022

 اسلام آبا د (خصوصی نامہ نگار) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی تنصیبات، نئے تعمیر شدہ انفراسٹرکچر، آلات اور سپورٹ یونٹس کا آپریشنل جائزہ لینے کے لیے شمالی سیکٹر میں آپریشنل ائیر بیس سکردو کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطا بق ائیر چیف نے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "پاک فضائیہ کی جانب سے انفراسٹرکچر اور عسکری صلاحیتوں میں اضافہ پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو توسیع دینے اور خطے کے پیچیدہ آپریشنل ماحول میں عسکری حکمت عملی میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاک فضائیہ کی شمالی ریجن میں فضائی صلاحیتیں اور عسکری ردعمل اس جدت سے مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ خطے کی موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ ہمیں کسی بھی بیرونی یا اندرونی سیکورٹی چیلنج کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ پاک فضائیہ، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ مادر وطن کی خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔قبل ازیں ائیر چیف کی سکردو بیس آمد پر پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور بیس کے اعلیٰ حکام نے انکا استقبال کیا۔

مزیدخبریں