ملک بھر میں شہدائے کر بلا کا چہلم عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا 

Sep 18, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حضرت امام حسینؓ و شہدائے کربلا کا چہلم لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ چہلم کی مناسبت سے مجالس عزاء کا اہتمام کیا گیا۔ شبیہ ذوالجناح، تعزیہ اور علم کے جلوس نکالے گئے جبکہ لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں اربعین واک بھی کی گئی، جس میں مردو خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی دارالحکومت میں اربعین کے جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔ لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے نکالا گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستے میں عزاداری اور زنجیر زنی بھی کی گئی۔ راستے میں جگہ جگہ موسم کی مناسبت سے مشروبات کی سبیلیں لگائی گئی تھیں اور نیاز بھی شرکاء میں تقسیم کی جاتی رہی۔ مجالس اور مختلف پروگرامز میں ممتاز علماء و ذاکرین نے شہدائے کربلا کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوںکو خراج عقیدت پیش کیا۔ ملک بھر میں چہلم امام حسینؓ کی مناسبت سے نکلنے والے روایتی جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

مزیدخبریں