اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ میں چاول اور دیگر فصلیں خراب ہوگئیں اس سال شاید چاول کی ایکسپورٹ اس طرح نہ ہوجیسے پہلے ہوتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب اور فصلیں خراب ہونے سے امپورٹ بڑھا ہے، سیلاب سے لوگ بہت متاثر ہوئے ہیں، سیلاب کی وجہ سے غریب لوگوں پر خرچ کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ (این ڈی ایم اے) کو مزید 5 بلین ڈالرز جاری کیے جائیں، سیلاب متاثرین کی جتنی مدد کرسکتے ہیں ضرور کریں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ایشین ڈویلپمنٹ بنک (اے ڈی بی) سے پاکستان کو رواں ماہ ہی ڈیڑھ بلین ڈالر ملنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ قطر، پاکستان میں ایل این جی پلانٹس اور سولر کے شعبوں سمیت سٹاک ایکسچینج میں تین بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈالر جو 213 سے اوپر گیا ہے اس میں کچھ سیاسی وجوہات بھی ہیں، ڈالر نیچے آئے گا اور آجائے تو اچھا ہے ہم مداخلت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا ڈالر مہنگا بیچنے پر سٹیٹ بنک نے 8 بنکوں کو شوکاز نوٹس دیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بجلی اکتوبر تک سستی ہوجائے گی، بجلی کے 300 یونٹ استعمال کرنیوالوں کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) ختم کیا گیا ہے، ایف پی اے اگست میں اور نہ ہی ستمبر میں لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی ایف پی اے نہیں لیا جا رہا لیکن آگے لیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی کابینہ عمران خان کی تھی لیکن میں ستر لوگوں کی کابینہ کا دفاع نہیں کروں گا، بطور وفاقی وزیر میں تنخواہ نہیں لے رہا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف آٹھ پیسے کا فرق آئے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بارے میں حتمی فیصلہ آج ہوگا۔