مخّیرحضرات سیلاب مرتاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں : شہباز شریف 

اسلام  آباد+ لندن (نمائندہ خصوصی‘  خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت سیلاب زدگان کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ متاثرہ اضلاع میں انفراسٹرکچر اور جانی و مالی نقصانات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کیلئے  گرم کپڑے عطیہ کرنے کی اپیل  کرتے کہا کہ سرد موسم کی سختی سے بچانے کیلئے پیشگی انتظامات کئے جائیں۔ پوری قوم مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے اخوت کا مظاہرہ کرے۔ امدادی سامان این جی اوز‘  قریبی مراکز‘ صوبائی‘ وفاقی محکموں کو دیں۔  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے لاکھوں گھر تباہ ہو گئے ہیں، لاکھوں لوگ مخیرحضرات کی طرف دیکھ رہے ہیں۔برطانیہ روانگی سے قبل نور خان ایئربیس پر سیلاب سے متعلق جائزہ اجلاس میں شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سمرقند میں مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات ہوئی، تمام سربراہان مملکت کا سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پرشکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے کی گئی ریلیف اوربحالی کی سرگرمیوں سے سربراہان مملکت کو آگاہ کیا، فی خاندان25ہزارروپے کی مالی امداد کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لاکھوں گھر تباہ ہو گئے ہیں، مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کیے گئے،چھوٹے بچوں کوخوراک کی اشد ضرورت ہے،بچوں کی خوراک کا بندوبست کرنا بہت بڑی خدمت ہوگی،بچوں کودودھ اورکمبلوں کی اشد ضرورت ہے،لاکھوں لوگ مخیرحضرات کی طرف دیکھ رہے ہیں، متاثرین کواس وقت گرم کپڑوں اور رضائیوں کی بھی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ کیے جانے والے سروے میں نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا،افواج پاکستان اور سرکاری ادارے ملکر سیلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف ہیں، صوبائی حکومتیں بھی متاثرین کی بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، سیلاب سے متاثرہ کروڑافراد امداد کے منتظرہیںوفاقی حکومت نے 70 ارب روپے مختص کئے ہیں جن میں سے 30 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں، یہ رقم عالمی سطح پر مستند ساکھ کے حامل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعہ شفاف طریقہ سے تقسیم کی جا رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ نقصانات کا مشترکہ سروے بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی حق دار حق سے محروم نہ ہو۔ ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف آج18ستمبر اتوار کو مسلم لیگ (ن) کے بانی رہنما، میاں محمد نواز شریف سے لندن میں ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف سیاسی و معاشی صورتِ حال پر نواز شریف کو بریفنگ دیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف لندن دورے کے دوران ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں بھی شریک ہوں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف موسم کی خرابی کے سبب میانوالی اور ٹانک نہ جا سکے، وزیراعظم شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کی وجہ سے میانوالی سے واپس ہوگیا۔ اپنے دورہ کے دوران وزیر اعظم نے ٹانک میں تعمیر شدہ100 گھروں کا افتتاح کرنا تھا۔واضح رہے کہ وزیراعظم نے اپنے ٹانک کے گزشتہ دورہ کے موقع پر سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے حکام نے وزیراعظم کو واپس اسلام آباد لے جانے کا فیصلہ کیا۔موسم کی خرابی کی وجہ سے دورہ موخر ہونے کے باعث فاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف موسم کی خرابی کے سبب میانوالی اور ٹانک نہ جاسکے، وزیراعظم شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کی وجہ سے میانوالی سے واپس ہوگیا ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا  بھی جائیں گے۔ وزیردفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات مریم اور نگزیب بھی ان کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف 19 ستمبر کو  لندن میںملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ملکہ برطانیہ کی اخری رسومات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے اور جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن