شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) آٹو مکینک ایسوسی ایشن فیصل آباد روڈ کے صدر میاں امجد ہیرو نے کہا ہے کہ عالمی حدت عالمگیرمسئلہ ہے جس میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان اس وقت تاریخ کے بدترین سیلاب سے گزر رہا ہے جہاں سیلاب کی تباہ کاریاں واضح دکھائی دے رہی ہیں انفراسٹرکچرکو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اورملکی آبادی کا ایک بڑا حصہ سیلاب سے شدیدمتاثر ہوا ہے جس کی دوبارہ آباد کاری کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کاوشیں لائق تحسین ہیں مگر بین الاقوامی برادری کو بھی اس حوالے سے مزید کردار ادا کرنا ہو گا، اپنے ایک بیان میں امجد ہیرو نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں معمول سے کئی گنا زیادہ بارشیں ہوئیں، صرف سندھ میں ماضی کے مقابلے میں سات گنا بارشیں ہوئیں، یہی صورتحال ملک کے باقی علاقوں کی بھی ہے جس سے پیدا شدہ سیلابی صورتحال نے پاکستانیوں کو شدید متاثر کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاسی الزام تراشی کانہیں بلکہ سیلاب زدگان کی عملی امداد کا ہے جس کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور سیلا ب زدگان کی امداد و بحالی پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز رکھیں۔