واشنگٹن(این این آئی) پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے متحرک کردار ادا کرنے پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کا مستقبل روشن ہے،گزشتہ 75 سالوں سے پاک اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں نے امن اور جنگوں میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ باہمی دوستی کا رشتہ جاری و ساری ہے،دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ہمیں ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھناہوگا۔سفیر پاکستان مسعود خان قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام چھٹی بین الاقوامی مطالعاتی کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکی حکومت، کانگریس، سول سوسائٹی، پرائیویٹ سیکٹر اور مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے بڑے پیمانے پر تعاون کیا گیا ہے۔ سر دار مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے سیلاب سے بچاؤ اور امدادی کاموں میں تعاون اور امداد کو متحرک کرنے کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں سے پاک اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں نے امن اور جنگوں میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ باہمی دوستی کا رشتہ جاری و ساری ہے۔مسعود خان نے کہا کہ ہم اپنے خطے اور اس سے باہر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔ ہم دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہیں اور تنازعات کو حل کرنے اور امن کو فروغ دینے کے لیے سفارت کاری جاری رکھیں گئے۔مسعود خان نے کثیر جہتی پاک امریکہ شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لیے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی کوششوں کو سراہا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ موجودہ دور میں دونوں ممالک کے دوطرفہ ایجنڈے میں اقتصادیات سر فہرست ہے۔مسعود خان نے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں اور ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری، صحت کے شعبے میں شراکت داری، فوڈ سیکیورٹی ، ماحولیاتی تبدیلی، توانائی، زراعت، ٹیک سیکٹر اور عوامی روابط اولین ترجیحات ہیں ۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان فلبرائٹ سکالرشپ حاصل کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی طلباء کی کل تعداد 7500 ہے جو کہ خطے کے دیگر ممالک کے طلباء مقابلے میں بہت کم ہے۔ ہمیں اس تعداد کو بڑھانے کیلئے سٹیم (سائنس ٹیکنالوجی، انجنیرنگ اور ریاضی) اور دیگر مضامین میں طلباء کی تعلیم اور اندراج کرانے کی کوشش کرنی چاہیے، قائداعظم یونیورسٹی اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔سفیر پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اعتماد سازی کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی سافٹ پاورکو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پاکستانی یونیورسٹیوں میں لنکن کارنرز کے کردار کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے امریکہ میں بھی پاکستانی یونیورسٹیوں کی نمائندگی کی تجویز دی اور کہا کہ تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کی بہتری اور امریکی یونیورسٹیوں میں پاکستان چیئرز کو فعال کرکے یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ ایریا سٹڈی سنٹر پاکستان میں امریکہ کے بارے میں نہ صرف سیاسی طور پر بلکہ ،معاشی، تکنیکی، سماجی اور ثقافتی منظر نامے کے بارے میں افہام و تفہیم کو بڑھانے کے لیے بہتر ین کردار ادا کر رہا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کا مستقبل روشن ہے، دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ہمیں ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھناہوگا۔
منیر اکرم
پاکستان اور امریکہ کا مستقبل روشن ہے‘ امن اور جنگوں ایک دوسرے کا ساتھ دیا: منیر اکرم
Sep 18, 2022