اسلام آباد(این این آئی) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشال حسین ملک نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تمام حدیں پار کرلی ہیں اور بھارتی فوجیوں کی مسلسل چیرہ دستیوں کی وجہ سے کشمیریوں کے وجود کو خطرہ لاحق ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ایک بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنی جدوجہد آزادی سے کچھ بھی ہو دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ظلم وستم سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ جنتا وہ ظلم کرے گا کشمیریوں کی آزادی کی تڑپ اتنی ہی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے مقصد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹایا جاسکتااور وہ تمام تر مشکلات کے باوجود آزادی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔پی سی او کی چیئرپرسن نے کہا کہ عالمی طاقتوں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے مسلسل واقعات اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں بھارتی شہریوں کو ووٹ کا حق دینے جیسے سنگین معاملات پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی وحشت کو نظر انداز کرکھا ہے جو افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری بھارتی فوجی تشدد اور خونریزی سے کشمیریوں کی بقا کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا جائزہ لیں اور بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔
مشعال ملک