لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ، روپیہ بے وقعت ہو گیا۔ پی ڈی ایم نے ماضی میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کیے۔ اقتدار میں آ کر عوام پر ظلم کی انتہا کر دی۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔ بیڈگورننس اور تباہ کن معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہو رہے۔ سودی معیشت اور کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا۔ حکمران سیاسی جماعتیں وڈیروں کے کلب ہیں، عام آدمی کو ان جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں سے بھلائی کی کوئی توقع نہیں۔ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام سے آئے گی۔ ملک اسلام کے نام پر حاصل ہوا، اسلام ہی اس کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ قوم کو لڑانے اور تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن حکمران جماعتیں حالات کی نزاکت کو جانتے ہوئے بھی خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں۔ حکمرانوں نے تباہ کن سیلاب کے دوران بھی آپسی مفادات کے لیے جنگ جاری رکھی۔ حکمران آف شور کمپنیوں اور بیرون ملک بنکوں سے ذاتی اثاثے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔ استعماری طاقتیں پاکستان کے فیصلے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ملک میں نافذ کرتی ہیں۔ قوم اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرے۔ مافیاز سے نجات کے لیے جدوجہد کرنا ہر محب وطن شہری پر لازم ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سیلابی صورت حال اور بحالی کے اقدامات کے جائزہ کے لیے ایک مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم اور قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، خیبرپی کے جنوبی پنجاب کے کروڑوں مکینوں کا سب کچھ سیلاب کی نذر ہو گیا۔ لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی، شہر، دیہات پانی کے تالابوں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ لاکھوں مویشی پانی میں بہہ گئے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے متاثرین کی مدد میں سستی دکھائی۔ حکمران عوام کا مزید امتحان نہ لیں، اقتدار پہ براجمان طبقہ اگر لوگوں کو ریلیف نہیں دے سکتا تو گھر چلا جائے۔
سراج الحق
مہنگائی خطے میں سب سے زیادہ، ریلیف نہیں دے سکتے تو حکمران گھر جائیں: سراج الحق
Sep 18, 2022