ڈینگی‘ مزید 2 جاں بحق‘ کراچی‘ 403 شکار‘ خیبر پی کے میں 5 اضلاع حساس

Sep 18, 2022

لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ پشاور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ خیبر پی کے کے 5 اضلاع پشاور‘ مردان‘ خیبر‘ نوشہرہ اور ہری پور ڈینگی کیلئے حساس قرار دے دئیے گئے۔ صوبے میں 24 گھنٹے کے دوران 307 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ کراچی میں 24 گھنٹے میں 403 افراد میں ڈینگی وائرس پایا گیا۔ ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کا دباؤ ہے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ضلع وسطی سے تعلق رکھنے والے ڈینگی کے مزید دو مریض دم توڑ گئے۔ جس کے بعد ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 11 تک پہنچ گئی۔ رواں سال کراچی میں ڈینگی کے کیسز کی تعداد 4 ہزار 6 سو سے تجاوز کر کے 4676 تک جا پہنچی ہے۔ کراچی کے بعد حیدر آباد میں بھی ڈینگی کیسز میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق حیدر آباد میں مزید 388 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں ڈینگی کے 188 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی 80، لاہور 62، گوجرانولہ 14، قصور، چکوال، مظفر گڑھ اور بہاولپور سے 4،4، ملتان 3، لودھراں اور فیصل آباد سے 2،2 جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، حافظ آباد، ڈیرہ غازی خان، گجرات، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ سے 1،1 کیس رپورٹ ہوا۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق دیہی علاقوں میں ڈینگی کے50نئے اور شہری علاقوں میں 46کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 1331تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں پمز ہسپتال میں 10، پولی کلینک میں 3مریض لائے گئے۔ گزشتہ روز نجی کلینک میں44  افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی رواں سیزن ڈینگی کے باعث4 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ڈینگی

مزیدخبریں