کٹ وہیں لگے گا جہا ں ماہرین مشورہ دینگے ، شرجیل میمن 

Sep 18, 2022

حیدرآباد(بیورو رپورٹ) سندھ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے حیدر آباد میں قائم کیے گئے سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقاتیں کی اور ٹینٹ سٹی میں متاثرین  کے بچوں میں اسکول کی کتابیں دیگر تحائف تقسیم کیے اور ٹینٹ سٹی میں دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے  متاثرین سے معلومات حاصل کی اور  وہاں موجود عملے کو مزید بہتر طبی امداد سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کے حوالے سے خصوصی ہدایت جاری کی اس موقع پر ٹینٹ سٹی میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بعض منافع خوروں نے منافع خوری کی جس کی اطلاع پر متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے میڈیسن برآمد کی جو کہ ملین کی تعداد میں  ہے،جبکہ منافع خوروں اور دیگر افراد بھی گرفتار کیے گئے  انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے  پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ بدین یا سندھ کے کسی بھی شہر میں اگر سیلاب کے پانی کے لئے کٹ لگائے جائیں گے تو اس میں کسی کی  خواہش  ظاہر نہیں ہوگی بلکہ ایریگیشن اور دیگر ماہرین کی رپورٹ پر بندوں پر کٹ لگائے جا سکتے ہیں، بہرحال کئی ڈسٹرکٹ میں صورتحال مزید بہتر ہے،پنجاب گورنمنٹ سے ہمیں کوئی مدد نہیں چاہیے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیر پرسن بلاول بھٹو زرداری اورشریک چیئرپرسن  آصف علی زرداری کی جانب سے پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر اس وقت کے وزیر اعلی  سے بات چیت  کرتے ہوئے  سندھ کے وزیر اعلی کے ذریعے پنجاب کے متاثرین سیلاب کے لیے امدادی سامان بھجوایا تھا،جبکہ بلوچستان میں صورتحال کے پیش نظر امداد بھجوائی جا رہی ہے،سندھ کے سیلاب زدگان کے لئے امدادی فنڈ کو خرچ کیا جا رہا ہے اور سیلاب زدگان کی بحالی کے  کاموں کو احسن طریقے سے کیا جا رہا ہے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پانی کی نکاسی کے لئے تمام فیصلے آبپاشی ماہرین سے مشاورت سے کئے جا رہے ہیں ۔ کسی کی خواہشات پر مخصوص کٹ نہیں لگ سکتے ۔ کٹ وہیں لگے گے جہاں ماہرین آبپاشی مشورہ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے بیرون ملک سے آنی والی امداد پر کوئی اختلاف نہیں ۔ این ڈی ایم اے اس کی تقسیم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئیڈیل صورتحال نہیں ۔ ہماری کسی بھی عمل میں بدنیتی نہیں ہے ۔ انسانی غلطی ہو سکتی ہے ۔ جان بوجھ کر اور ارادتن غلطی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس ضمن میں وزیر اعلی سندھ نے سخت ہدایات جاری کی ہیں ۔ غفلت میں ملوث افسران کو نہ صرف عہدوں سے سبکدوش کردیا جائے گا بلکہ انہیں ملازمتوں سے برطرف کردیا جائے گا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ، ڈی ایچ او ڈاکٹر لالا جعفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قائم اکبر نمائی و دیگر بھی موجود تھے. قبل ازیں صوبائی وزیر نے ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا اور وہاں متاثرین سے سھولیات کی فراہمی کے متعلق معلومات لیں انہوں نے ٹینٹ سٹی میں قائم عارضی اسکول کا بھی دورہ کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے

مزیدخبریں