لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 979ویں عرس کے آخری روز سہ روزہ عالمی کانفرنس کی آخری نشست میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام نے اپنے اخلاق،خدمت خلق، تعلیمات اور عمل سے خلائق کے دلوں کو جیتا، اللہ کے ولی لوگوں کو جوڑنے والے ہوتے ہیں، ان کی ڈکشنری میں کسی کا دل توڑنے کا لفظ نہیں ہوتا۔ وہ فرقہ پرستی، گروہ بندی اور ٹولیوں میں تقسیم ہونے اور کرنے سے کوسوں دور رہتے ہیں۔ ان کی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے ہوتی ہیں اور ان کا اَبرِ رحمت ہر خاص و عام اور اپنے پرائے پر یکساں برستا ہے۔حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ؒکی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات سے بھی ہمیں طبیعت کی وسعت اور نفس کی سخاوت اور فراخی کا درس ملتا ہے۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا داتا دربار پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔