چہلم حضرت امام حسین ؓ ‘عرس داتا گنج بخشؒ‘سیف سٹی کیمروں سے نگرانی 

Sep 18, 2022


لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکارکی ہدایت پر چہلم حضرت امام حسین ؑ کے موقع پر صوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے اور ہزاروں اہلکار، افسران اور والنٹئیرز نے ہائی الرٹ ہوکر جلوسوں اور مجالس کو بہترین سکیورٹی فراہم کی۔ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر301 جلوس اور 530 مجالس منعقد ہوئیں جن کی سکیورٹی پر 42 ہزار سے زائد اہلکار و افسران اور والنٹیئرزتعینات رہے۔ تمام اضلاع میں اے کیٹیگری کے جلوسوں اور مجالس کو ایس او پیز کے مطابق چار درجاتی سکیورٹی فراہم کی گئی جبکہ سنٹرل پولیس آفس کنٹرول روم سے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی جاری رہی۔ صوبائی دارالحکومت میں چہلم حضرت امام حسین ؑکیساتھ حضرت داتا گنج بخش ؒ کے سالانہ عرس پربھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے گئے اورلاہور میں جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد اہلکار، افسران اور والنٹیرز کو تعینات کیا گیا تھا۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جلوسوں، مجالس اور عرس کے سکیورٹی انتظامات کی براہ راست مانیٹرنگ جاری رہی جبکہ خواتین عزاداروں اور زائرین کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی اہلکار فرائض سر انجام دئیے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت تمام اضلاع کی شاہرات پر منعقدہ جلوسوں کے دوران متبادل راستوں سے ٹریفک کی ہموار روانی رہی اورٹریفک وارڈنز اور سٹاف کی اضافی نفری تعینات نے فرائض ادا کئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر دفعہ 144 نافذ ہے اوراسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ڈبل سواری پرسختی سے عمل درآمد یقینی بنایا گیااورلاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی پاسداری کو سختی سے یقینی بنایا گیا۔

مزیدخبریں