پشاور(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے پیسکو اور واپڈا بجلی بلوں کی ناجائز شرح کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن جمع کروادی۔امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا نے پشاور ہائی کورٹ میں اپنے وکلاءجسٹس غلام محی الدین اور ملک فاروق ایڈووکیٹ کو ساتھ لے کر پیسکو اور واپڈا بجلی بلوں کی ناجائز شرح کے خلاف رٹ پٹیشن جمع کروا دی ہے۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ چونکہ خیبر پختونخوا میں تمام تر بجلی پن بجلی یعنی ہائیڈرو الیکٹرک پاور ہے جس پر کسی قسم کے فیول کا کوئی خرچ نہیں آتا اور اس پرآئینی طور پر سب سے پہلے حق اس صوبہ کے عوام کا ہے اور یہاں پیدا ہونے والی پن بجلی صوبہ کی ضرورت سے فاضل یعنی ضرورت سے زیادہ بھی ہے اور اس پر خرچ ایک روپیہ فی یونٹ بھی نہیں آتا ۔اب حکومت اور متعلقہ ادارے پہلے ہی مختلف فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجز، سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی اور مختلف ناموں سے متعدد ٹیکسوں کی صور ت میں پہلے ہی عوام سے کم از کم 20 روپے فی یونٹ چارج کر رہے ہیں اور اب اس کو 30 روپے فی یونٹ تک وصول کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جوکہ سرا سر ظلم اور عدل کے خلاف ہے اس لئے عدالت عالیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ پیسکو اور واپڈ ا کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ خیبر پختونخوا کے عوام سے ہائیڈروپاور کے ضمن ان مختلف ظالمانہ ٹیکسز او ر ڈیوٹیز وغیرہ کی وصولی کا سلسلہ روک دیاجائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ہا ئی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی عنات اللہ خان، سینئروکلاء ایڈووکیٹ فقیر اللہ اعوان، ایڈووکیٹ ارباب عثمان، سابق چیف جسٹس ھائی کورٹ غلام محی الدین ، جماعت اسلامی کے صوبائی میڈیا کوارڈینیٹر سید جماعت علی شاہ، صداقت محمود غازی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم خان نے کہا کہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی جانب سے ناروا ٹیکسوں کے حامل بجلی بلوں کے خلاف پشاورہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کر دی گئی ہے جماعت اسلامی عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کے مطالبہ اور بلا تفریق قومی خدمت کے اصول سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی ، جب بھی عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا تو صرف بد امنی نے ہی جنم لیا، موجودہ حالات میں عام انتخابات کی کوئی گنجائش نہیں ، حکمران جماعتیں کھینچا تانی کی بجائے عوام کی بلا امتیاز خدمت کا اپنا آئینی فرض پورا کریں جماعت اسلامی اپنے پرچم اور اپنے نشان کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی۔ پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ اس وقت سیلاب سے صورتحال نہایت خراب ہے ، صوبائی حکومت کو پی ٹی آئی لیڈر کے الیکشن کے علاوہ کوئی بھی پریشانی نہیں، عوام انتہائی پریشان حال اور ان کا پرسان حال کوئی نہیں، جماعت اسلامی عوام کو کسی صورت حالات کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑے گی اور بلا امتیاز خدمت جاری رکھے گی، حکومت اور ڈزاسٹر مینجمنٹ کے تمام اداروں کی کارکردگی خالی خولی دعووں کے سوا کچھ نہیں۔بجلی کے بلوں میں مختلف ظالمانہ ٹیکسوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعتیں عوام کو جیتے جی قتل اور اپنا اقتدار پکّا کرنا چاہتی ہیںان کو عوام کی کوئی پروا نہیں صرف اپنی کرسی کی فکرہے۔صوبائی حکومت اور اس کے ادارے عوام کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکے ۔ حکمران حقوق کے نام پر صوبہ کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی عوام کے حقوقِ غصب کیے گئے تو بغاوت اور بد امنی نے جنم لیا ، پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ جب تک ملک میں حقیقی اسلامی نظام نافذ نہیں ہوتا ملک کے مسائل حل نہیں ہونگے اس وقت ملک میں اقتدار کی جس طرح کھینچا تانی ہو رہی ہے اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔عوام حکمرانوں کی اندھی خواہشات کی تباہیوں کی زد میںآ کر مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہےںجب کہ سیاسی جماعتیں آپس میں مشت و گریباں ہیں، سیلابوں کے سونامی کے باعث اس وقت عام انتخابات کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا اس وقت جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے،جس کے پاس مخلص، دیانتدار اور باصلاحیت قیادت موجود ہے،جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں اپنے پر چم اور اپنے نشان ترازو کے ساتھ حصہ لے گی اور اقتدار میں آ کر عوام کی بنیادی ضروریات ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کرے گی۔
پروفیسر محمد ابراہیم
بجلی بلوں کیخلاف رٹ پٹیشن جمع ظالمانہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز وصولی کا سلسلہ رو ک دیا جائے جماعت اسلامی
Sep 18, 2022