خان گڑھ (نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے کہا ہے کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے میڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، میڈیا کے ذریعے مسائل کی نشاندہی ہوتی ہے اورمثبت تنقید سے ہی مسائل کے حل کی طرف بڑھا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں سیلاب کی صورتحال کو ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ جات نے مل کر کنٹرول کیا اورعوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایااورمتاثرین کو بہتر سے بہتر ریلیف فراہم کیا، انہوں نے کہا کہ ضلع میں ڈینگی اور کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے ڈینگی کے تین مریض رجسٹر ہوئے ہیں جو دوسرے اضلاع سے آئے ہیں تاہم ڈینگی سے بچاؤ کے لئے محکمہ صحت عملی اقدامات کررہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کو سیور یج کے مسائل کا سامنا ہے میونسپل کارپوریشن اپنے وسائل کے مطابق نالوں کی صفائی کا کام جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔