آئی سی سی ون ڈے رینکنگ ‘پاکستان پھرپہلی پوزیشن پر آگیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)جنوبی افریقہ کیخلاف پانچویں ون ڈے میچ میں 122 رنز سے شکست کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلی سے تیسری پوزیشن پر چلی گئی جبکہ پاکستان واپس نمبر ون پر آگیا۔سری لنکا کیخلاف ایشیا کپ کے فائنل میں فتح کے باوجود بھارت کا ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔ایشیا کپ میں سری لنکا سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی پوزیشن سے تیسرے نمبر پر چلی گئی تھی جس سے بھارت کو ٹاپ پر پہنچنے کا نادر موقع میسر آیا تھا تاہم اس کیلئے ضروری تھا کہ آسٹریلیا جنوبی افریقہ سے میچز ہار جائے اور بھارت بنگلہ دیش اور سری لنکا کیخلاف میچز میں کامیاب ہو۔آسٹریلیا جنوبی افریقہ کیخلاف چوتھا اور پانچواں ون ڈے تو ہار گیا مگر سری لنکا کو ایشیا کپ کے فائنل میں ہرانے والی بھارتی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف ٹورنامنٹ کے سپر فور میچ شکست سے دوچار ہوگئی تھی جس کی وجہ سے بھارت کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔پاکستان ٹیم ایشیا کپ کا ٹائٹل تو نہ جیت سکی لیکن دوسرے میچز میں مسلسل کارکردگی کی بدولت ون ڈے رینکنگ میں ایک بار پھر نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔فی الحال پاکستان اور بھارت دونوں کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 115 پوائنٹس کی ریٹنگ ہے تاہم پاکستان اعشاریہ پوائنٹس کی برتری کےساتھ آگے ہے۔ آسٹریلیا 113 پوائنٹس کےساتھ تیسری پوزیشن پر چلا گیا ہے۔بھارت اور آسٹریلیا 22 ستمبر سے تین میچوں کی سیریز میں ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گے جہاں انہیں دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ملے گا جبکہ پاکستان ورلڈ کپ سے قبل کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلے گا۔بھارت اور آسٹریلیا کا پہلا میچ 22 ستمبر کو موہالی، دوسرا میچ 24 ستمبر کو اندور اور تیسرا میچ 27 ستمبر کو بڑودہ میں کھیلا جائےگا۔

ای پیپر دی نیشن