عوام کی نظریں آج بھی حصول انصاف کیلئے عدلیہ پر لگی ہیں‘ جسٹس فاروق حیدر

Sep 18, 2023

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے کہا ہے آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے بار و بینچ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے دونوں ایک ہی گاڑی کے د و پہیے ہیں عوام کی نظریں آج بھی حصول انصاف کیلئے عدلیہ پر لگی ہیں ان شاءاللہ عدلیہ آئین و قانون کے ضابطہ کار میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرتی رہےگی، عدلیہ کے وقار اور کالے کوٹ کے تقدس کو کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائے گا، ججز نے ہمیشہ آئین و قانون کے مطابق میرٹ پر فیصلے کئے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وکلاءکے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن عمر حیات بھٹی نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری صہیب اسلم سمیت بار کے دیگر عہدیداروں اور وکلاءنے ان کا استقبال کیا، بعدازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلیم خان ،سینئر سول جج محمد عمران فاروق، سول ججز سرفراز احمد ، رانا سہیل ریاض، عمران اسحاق، محمد علی امجد، صائقہ یونس ، ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او و دیگرکے ہمراہ ڈسٹرکٹ بار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مسجد اور نئے وکلاءچیمبرز کا افتتاح کرنے کے علاوہ شجر کاری مہم کے سلسلہ میںپودا لگایا ۔ جسٹس فاروق حیدر نے کہا معاشرتی برائیوں سماجی ناہمواریوں اور نا انصافیوں کی روک تھام کیلئے وکلاءکو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں عدلیہ بھی پوری دیانتداری اور نیک نیتی کے ساتھ کام کررہی ہے انصاف کے بول بالا سے ہی ان تمام برائیوں اور خرابیوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ صدر بار عمر حیات بھٹی نے کہا وکلاءبرادری کسی سیاسی جماعت کی حاشیہ بردار نہ ہے بلکہ ہم صرف اور صرف آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ و میڈیا کی آزادی اور حصول انصاف یقینی بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں جس کیلئے بار و بینچ کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشن شپ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزیدخبریں