واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) سال 2030ءتک دنیا بھر میں 50 کروڑ افراد کو کم ازکم ایک ماہ کے لیے شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس بات کا انکشاف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور کاربن پلان کی تحقیقاتی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شدید گرمی کا سامنا کرنے والے اس 50 کروڑ میں سب زیادہ بھارت کی 27 کروڑ کی آبادی شامل ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں بھی 2030ءتک 19 کروڑ افراد گرمی سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے وسیع علاقے شدید گرم اور مرطوب موسم میں ڈوب جائیں گے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 2040ءتک معمول سے زائد درجہ حرارت پاکستان میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ اموات کا سبب بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا کے مختلف خطوں کو اس وقت ہیٹ ویوز کا سامنا ہے اور سائنسدانوں کے مطابق اس سال کا موسم گرما تاریخ کا گرم ترین ثابت ہوا ہے۔ 1940ءسے موسمیاتی ریکارڈ کو مرتب کیا جا رہا ہے مگر جون سے اگست 2023ءکے دوران دنیا کا درجہ حرارت گزشتہ برسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ دیکھنے میں آیا۔