سموگ، اربن سڑکوں کو ڈسٹ فری کرنے کا فیصلہ، پنجاب سرمایہ کاری کیلئے موزوں: محسن نقوی

لاہور (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) سموگ کے تدارک کے لئے اربن سڑکوں کو ڈسٹ فری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سموگ سے بچاو¿ کیلئے سڑکوں کو واش کیا جائے گا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کو لاہور کی سڑکیں واش کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو غیر معیاری فیول بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ چین روانگی سے قبل نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدار ت وزیراعلیٰ آفس میں سموگ کے تدارک کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بتایا گیا کہ انڈسٹریز کو ماحول دوست بنانے کے لئے ورلڈ بنک کے اشتراک سے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سموگ پری وینشن اینڈ کنٹرول رولز 2023 پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اورصوبہ بھر میں سموگ کو کم از کم سطح پر لانے کے لئے تمام متعلقہ محکموں سے جامع پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بار باراینٹی سموگ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو 2ماہ کے لئے سیل کیا جائے گا۔ چاول اور دیگر فصلوں کی باقیات کو جلانے سے روکنے کے لئے کاشتکاروں سے پیشگی بیان حلفی لیا جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ VICS اور دیگر متعلقہ ادارے ٹرانسپورٹ فٹنس سرٹیفیکٹ کا اجراءیقینی بنائیں۔ اجلاس میں ماحولیاتی ماہرین نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ بریفنگ کے دوران بتایاگیاکہ ہوا کی کم رفتار نمی اور پلوشن کے ساتھ مل سموگ کو جنم دیتی ہے۔ لاہور میں 63فیصد سموگ موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشے کی وجہ سے ہے۔ موٹر کار اور جیپ وغیرہ کی وجہ سے 11فیصد سموگ ہوتی ہے۔ لاہور میں گزشتہ دہائی میں موٹر سائیکل اور رکشے کی فروخت میں 460فیصد اضافہ ہوا ہے۔ شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں فصلوں کی باقیات،جلانے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ شمالی لاہور میں لوڈر رکشے کی آمدورفت پر پابندی سے سموگ میں کمی ممکن ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی چین پہنچ گئے۔ بیجنگ ائیرپورٹ پرچین کے اعلی حکام اورپاکستانی سفارتخانے کے افسروں نے وزیراعلیٰ کا خیر مقدم کیا۔ صوبائی وزراءایس ایم تنویر،عامرمیر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پنجاب محسن نقوی کے اعزاز میں بیجنگ میں پاکستانی سفیر کی طرف سے استقبالی عشائیہ دیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کے تجربات سے استفادہ کر کے پنجاب میں پائیدار ترقی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب سرمایہ کاری کے لئے اوپن اور موزوں ہے اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاری کو آسان بنا یاجارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن