لاہور ( خصوصی نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مانگا منڈی لاہور کے زیراہتمام سالانہ تحفظ ختم نبوت کانفرنس 30ستمبر کو منعقد ہوگی۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماءاور قائدین خطاب کرینگے۔کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے مبلغ مولانا عبدالنعیم و ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے اراکین ودیگر علماءنے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر دین اسلام کی عظیم الشان عمارت استوار ہے۔ اسلام کا قلب و جگر وجان اور مرکز کا یہی عقیدہ ہے۔ اس عقیدہ میں معمولی سی لچک یا نرمی انسان کو بلندی سے اٹھا کر کفر کی پستی میں پھینک دیتی ہیمرزا غلام قادیانی نے انگریز کی ایماءپر نبوت کا دعویٰ کیا۔ مرزا قادیانی نے جیسے ہی نبوت کا دعویٰ کیا تو امت کے ہر طبقہ نے ان کو اسلام اور مسلمانوں سے الگ مانا اور اس فتنہ کے خلاف میدان میں نکلے اور مسلمانوں کے ایمان کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا۔ مولانا عبدالنعیم نے کہا کہ پوری امت اس بات پر متفق ہے کہ قیامت کی صبح تک کوئی نبی اور رسول نہیں آئے گا اور اگر آپ کے بعد کوئی بھی نبوت کا دعویٰ کرے گا وہ کذاب و دجال اور مفتری ہوگا۔