لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن لاہورکے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کی صدارت میں لاہور کے صوبائی حلقوں کے کوآرڈینیٹرز کا اجلاس پارٹی آفس نصیر آباد میں ہوا۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری خواجہ عمران نذیربھی موجود تھے۔ میٹنگ میں سیدتوصیف شاہ ،رمضان صدیق بھٹی ،میاں محمد طارق (سابق ڈپٹی مئیر لاہور)عامر کان نگہت شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔میٹنگ میں قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالہ سے مشاورت اور ان کے استقبال کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تمام کوآرڈینیٹرز کو ہدایات جاری کی گئیں کی پارٹی قائد کی وطن واپسی کے موقع پر تیاریوں میں کسی قسم کی کمی نہیں رہنی چاہیے۔ ملک سیف الملوک کھوکھر اور خواجہ عمران نذیر کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ موجودہ مہنگائی عمران خان کے دور اقتدار میں معاشی تباہی کا نتیجہ ہے۔ 2019میں آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدہ کو اگر نہ توڑا جاتا تو آج ملک کے معاشی حالات یہ نہ ہوتے جو آج ہیں۔ ملکی معاشی مسائل کا حل مسلم لیگ ن کی قیادت نواز شریف کے پاس ہی ہے۔ 15اکتوبر کو پارٹی قائد کی وطن واپسی پر ان کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔