لاہور+ اسلام آباد+ مظفر گڑھ (وقائع نگار خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ملک بھر میں الیکشن ٹربیونلز میں امیدواروں کی اپیلوں کی سماعت کا وقت ختم ہو گیا اور کاغذات نامزدگی کی واپسی اور پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا مرحلہ گزشتہ روز ختم ہو گیا ہے۔ الیکشن کمشن آج ملک بھر میں امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کر دےگا۔ عام انتخابات کیلئے فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی آج سے شروع ہو گی۔ یہ مرحلہ 30 اپریل کو مکمل ہو گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دیدی ہے جبکہ سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے این اے 177 مظفر گڑھ اور سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے این اے 89 جھنگ سے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔ تفصےلات کے مطابق جمعرات کو الیکشن ٹربیونلز نے متعدد اپےلوں پر فےصلہ سنادےا گےا ہے ۔ایپلیٹ ٹربیونلز نے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں اور اعتراضات پر فیصلے سنا دیئے ہیں۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق ٹربیونلز جن اپیلوں کا فیصلہ نہیں کرسکے وہ بھی مسترد تصور ہوں گی۔ ایپلیٹ ٹریبونلز کے فیصلوں کیخلاف اعلی عدلیہ سے رجوع کیا جا سکے گا۔ سندھ ہائیکورٹ نے این اے 250 کراچی سے نااہل قرار دینے کیخلاف پرویز مشرف کی اپیل مسترد کر دی۔ راجہ پرویز اشرف کی طرف سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسر اور الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف دائر رٹ درخواست میں لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کو حکم دیا ہے کہ وہ راجہ پرویز اشرف کا نام انتخابات میں حصہ لینے والوں کی فہرست میں شامل کرے۔ فاضل عدالت نے اپنے عبوری حکم میں کہا ہے کہ درخواست گذار کا فیصلہ عدالت کے حتمی فیصلے سے مشروط ہو گا۔ فاضل عدالت نے مزید سماعت پیر تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمشن اور نیب سے جواب طلب کر لیا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے فاروق ایچ نائیک، سردار لطیف کھوسہ، عابد ساقی اور احسن بھون ایڈووکیٹس کے توسط سے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کسی بھی مقدمے میں عدالت سے سزا یافتہ نہیں۔ ان پر محض الزامات ہیں جو کسی بھی فورم پر ثابت بھی نہیں ہو سکے۔ اس کے باوجود ان کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیئے اور پھر الیکشن ٹریبونل نے اس فیصلے کو برقرار رکھا۔ علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے این اے122سے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم مڈھیانہ کے پی پی31سرگودھا کےلئے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف رٹ درخواستیں دائر کر دی گئیں۔ ایک خاتون آمنہ خان کی طرف سے دائر رٹ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اپنے قول و فعل میں تضاد کے باعث آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے لہذا ان کے کاغذات منظور کئے جانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے مراد علی شاہ کو پی ایس 73 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ سندھ ہائیکورٹ نے مراد علی شاہ کو پی ایس 73 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کی آئینی درخواست پر الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ مراد علی شاہ کے وکیل رشید اے رضوی ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیئے کہ مراد علی شاہ الیکشن شیڈول کے اعلان سے پہلے کینیڈا کی شہریت ترک کر چکے تھے۔ آئی این پی کے مطابق الیکشن ٹربیونل نے چیچہ وطنی کے حلقہ این اے 162 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری زاہد اقبال کی اپیل مسترد کر دی، انکے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کر دیئے تھے جس پر انہوں نے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 کراچی سے نااہل قرار دینے کیخلاف پرویز مشرف کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے این اے 250 سے سابق صدر پرویز مشرف کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دیدیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ میں دائر اپیل میں سابق صدر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو کسی بھی کیس میں سزا نہیں ہوئی ہے جبکہ جن افراد کو سزائیں ہوئیں اور وہ جیل میں رہے انہیں انتخابات کیلئے اہل قرار دیا گیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ پرویز مشرف آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اس لئے وہ الیکشن لڑنے کیلئے اہل نہیں ہیں۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے این اے 135 سے تحریک انصاف کے امیدوار ارشد ساہی کے خلاف لگائے گئے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔ آئی این پی کے مطابق عام انتخابات کےلئے فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرزکی چھپائی کاکام (آج) جمعہ سے شروع ہوگاجو30اپریل کومکمل ہوگا۔ عام انتخابات کےلئے 18 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے اور یہ عمل (آج) جمعہ سے باضابطہ طور پر شروع ہوجائے گا۔ آن لائن کے مطابق الےکشن کمشن عام انتخابات مےں حصہ لےنے والے امےدواروں کی حتمی فہرستےں آج (جمعہ کو) جاری کرے گا،کاغذات نامزدگی کے ہمراہ پارٹی ٹکٹ جمع نہ کرانے والے امےدوار آزاد حےثےت مےں انتخابات مےں حصہ لے سکےں گے اور انہےں متعلقہ پارٹی کا نشان الاٹ نہےں ہو گا۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ حلقہ این اے 89 جھنگ سے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں، اپنے والد محمد اکرم کے حق میں دستبردار ہو گیا ہوں۔ اے پی پی کے مطابق 11مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں ملک بھر میں تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے انتخابی نشانات پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے باوجود کسی حلقے بھی ایک انتخابی نشان پر سیاسی جماعتیں حصہ نہیں لے سکیں گے جبکہ ملک بھر کی تمام سیاسی جماعتیں بھی ان انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مےرے خلاف پےپلز پارٹی کے جےالوں نے سازش تےار کی مگر خدا کے فضل و کرم سے عدالتوں نے انصاف کا بول بالا کےا ۔ وہ گذشتہ روز اپنے کاغذات نامزدگی کے مسترد ہونے کی اپےل منظور ہونے کے بعد پہلی بار مےڈےا کے سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ اب مےری جگہ مےرے والد شےخ محمد اکرم الےکشن مےں حصہ لےں گے۔ مےں نے آج اپنے کاغذات نامزدگی واپس لےنے کا فےصلہ بہت سوچ سمجھ کر کےا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق الیکشن ٹربیونل ملتان سے اجمل آصف، ڈاکٹر نثار اور چودھری سعید اقبال کے کاغذات نامزدگی منظورکرلئے گئے۔ این اے 81 و پی پی 63 کے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی۔کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے ڈاکٹر نثار احمد جٹ کو این اے 81 اور اجمل آصف کو پی پی 63 سے ٹکٹ بھی جاری کر دیا۔ چودھری سعید اقبال کو پیپلز پارٹی پہلے ہی ٹکٹ جاری کر چکی ہے۔ امیدوار پارٹی ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر کو جمع کروائیں گے۔ کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد حلقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لیگی کارکنوں نے میاں اجمل آصف اور ڈاکٹر نثار احمد جٹ کے حلقہ میں واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کرتے ہوئے بھنگڑے ڈالے۔ این این آئی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کیخلاف بھی ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار آمنہ خان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان ایک امریکی بچی کے باپ ہیں۔ عدالت نے عمران خان کے وکلاءسے امریکی عدالت میں دئیے جانےوالے بیان کی مصدقہ نقول طلب کرتے ہوئے سماعت آج (جمعہ) تک کے لئے ملتوی کر دی۔