این اے 129 سے انتخابی مہم شروع‘ مشرف کے احتساب کا وقت آ گیا‘ قانون سے بچ نہیں سکیں گے: شہباز شریف

Apr 19, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور کے نواحی دیہات پر مشتمل این اے 129 کا تفصیلی دورہ کیا۔ جہاں سے وہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں، 8 گھنٹے سے زائد طویل دورے کے دوران سابق وزیر اعلیٰ نے 30 سے زائد مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ برسر اقتدار آ کر میں لاہور کے نواحی دیہات میں بھی وہی سہولتیں مہیا کروں گا جو اہل لاہور کو حاصل ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پاکستان کے دیہات اور شہروں کو لوڈ شیڈنگ کے حوالے کر دیا اور ہر طرف اندھیرے پھیلا دئیے۔ مسلم لیگ (ن) کا وعدہ ہے کہ ہم اقتدار میں آنے کے بعد پہلے دو سال کے اندر لوڈ شیڈنگ ختم کر دیں گے۔ جب تک لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم نہیں ہوتی ہم دیہات میں شہروں سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ختم کر دیں گے اور دیہی علاقوں کو شہری علاقوں کے برابر بجلی فراہم کریں گے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ نے ہماری صنعت ہی تباہ نہیں کی بلکہ پنجاب کی زراعت کو بھی تباہ کیا ہے۔ علی بابا چالیس چوروں نے کھاد میں کروڑوں روپے کی لوٹ مار کر کے غریب کاشتکاروں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ 11 مئی کا سورج مسلم لیگ (ن) کی فتح کا پیغام لیکر طلوع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ہم ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ 11 مئی کو ووٹر اپنی ووٹ کی پرچی سے کرپٹ حکمرانوں کی سیاسی موت کا پروانہ جاری کر دیں۔ پرویز مشرف نے ملک کو تباہی کے کنارے پر پہنچایا لیکن اب اس کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔ وہ لاکھ بھاگیں قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔ 

مزیدخبریں