لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ 11مئی کو ہونے والے انتخابی ڈرامے کے بعد پارلیمنٹ ایک بار پھر چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال بن جائے گی۔ معلق پارلیمنٹ میں عوام کے حقوق معلق ہی رہیں گے اور ایک بار پھر چوروں، لٹیروں کا کاروبار خوب چمک اٹھے گا۔ پاکستان کے مقتدر طبقہ نے کبھی آئین و قانون کی روح کے مطابق چلنا سیکھا ہی نہیں اس لئے انہیں غیر آئینی الیکشن کمیشن سمیت ہر وہ چیز قبول ہو گی جو انکے مفادات کو تحفظ دیتی ہے۔ اس موجودہ عوام دشمن انتخابی نظام کے خلاف عوامی تحریک کے پر امن دھرنے الیکشن پر 11مئی کو ہر صورت ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، قاضی فیض الاسلام، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، فیاض وڑائچ، بشارت عزیز جسپال اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک وطن عزیز کی بقا، ترقی اور عوامی خوشحالی کے دشمن نظام کو کلیتاً مسترد کر چکی ہے۔