لاہور(وقائع نگار خصوصی) الیکشن کمیشن کی طرف سے پاکستان جسٹس پارٹی کو الاٹ کردہ انتخابی نشان ”کالا کوٹ“ منسوخ کروانے کےلئے لاہور ہائی کورٹ بار میں اﷲ بخش گوندل ایڈووکیٹ نے قرار داد پیش کر دی ۔ اﷲ بخش گوندل ایڈووکیٹ نے قرارداد پر غور وخوض کیلئے لاہورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاﺅس کا اجلاس آج صبح 10:30 بجے کیانی ہال میں منعقد ہو گا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن آف پاکستان نے پاکستان جسٹس پارٹی کو کالا کوٹ بطور انتخابی نشان الاٹ کیا ہے۔ کالا کوٹ عدلیہ اور وکلاءکا لباس ہے اور پوری دنیا کے ججز اور وکلاءاپنے قانونی فرائض کی ادائیگی کے وقت کالا کوٹ پہنتے ہیں۔ کالا کوٹ علامہ اقبال، قائد اعظم محمد علی جناح اور حسین شہید سہروردی نے زیب تن کیا۔ اس پر شکست کا دھبہ لگ گیا تو یہ تمام ججز اور وکلاءکیلئے باعث ندامت بنے گا۔ اس لئے ہم لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے فورم سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کالے کوٹ کے نشا ن کو بطور انتخابی نشان منسوخ کرے ورنہ اس مقصد کیلئے ہم عدالتی دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔