حمزہ شہباز اور جنید انورکی قیادت میں پارٹی رہنماؤں کا 15 رکنی وفد پرسوں سے چین کا دورہ کریگا

Apr 19, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف اور ایم این اے جنید انور کی قیادت میں پارٹی کے نوجوان رہنمائوں پر مشتمل 15 رکنی وفد پرسوں 21 اپریل سے چین کے 9 روزہ دورے کا آغاز کرے گا۔ چین کی حکمران کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گی۔ چینی حکومت29 اپریل تک جاری رہنے والے پاکستانی وفد کے اس دورے کو بڑی اہمیت دے رہی ہے۔ دورے سے نہ صرف دونوں ملکوں میں برسراقتدار سیاسی جماعتوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ پاک چین دوستی کے مثالی اور گہرے رشتے کی بھی تجدید ہو گی۔ حمزہ شہباز شریف اور جنید انور کی قیادت میں چین جانے والا وفد میزبان ملک کے شہروں چنگ دو، بیجنگ اور گانگ ذو کا دورہ کرے گا۔ پاکستانی وفد کے دورے کے نتیجے میں نہ صرف دونوں برادر ہمسایہ ملکوں کے عوام اور برسراقتدار سیاسی جماعتوں کے درمیان دوستانہ مراسم کو مزید تقویت ملے گی بلکہ یہ حقیقت بھی واضح ہو گی کہ عوامی جمہوریہ چین پاکستان مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت موجودہ حکومت پاکستان کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

مزیدخبریں