کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) ریلوے ڈیزل ورکشاپ میں ریلوے پولیس اہلکار نے چینی انجینئر کو تھپڑ مار دیا۔ چینی انجینئرز نے اس واقعہ پر کام بند کردیا۔ پولیس نے اہلکار اعجاز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں ریلوے ڈیزل ورکشاپ میں چینی انجینئر اپنا کام کر رہے تھے وہاں ڈیوٹی پر موجود اہلکار اندر آیا جسے چینی انجینئر نے ڈیوٹی پر جانے کو کہا تو اس نے غصے میں آکر چینی انجینئر کو تھپڑ دے مارا وہاں پر موجود دیگر لوگوں نے بیچ بچائو کیا واقعے کے بعد چینی انجینئرز اور دیگر ارکان نے احتجاجاً اپنا کام بند کر دیا۔ ایس ایس پی ریلوے کا کہنا ہے ریلوے پولیس نے واقعے میں ملوث اہلکار اعجاز کو گرفتار کر لیا ہے اور اسے معطل کر دیا گیا ہے۔ اہلکار کے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ کانسٹیبل اعجاز نے حوالات میں صحافیوں کو بتایا اس سے واقعی غلطی ہو گئی۔ چینی انجینئر پر کب غصہ آیا کس بات پر آیا اسے پتہ ہی نہ چلا۔