پوپ فرانسس نے ایک درجن افراد کے پیر دھوئے، ایک مسلمان بھی شامل

روم (اے ایف پی) مسیحی برادری کے ایسٹر تہوار کی مناسبت سے روم میں پوپ فرانسس نے ایک درجن معمر اور معذور افراد کے پائوں دھونے کی رسم ادا کی۔ ان ایک درجن افراد میں لیبیا کا ایک مسلمان بھی شامل تھا۔ 77 سالہ پوپ کو 9 اطالوی اور 3 غیرملکیوں کے پائوں دھونے اور انہیں چومنے کیلئے جھکتے ہوئے مشکل بھی پیش آئی۔ ڈان کارلوگنوچی فائونڈیشن کے سانتاماریا ڈیلا پرویڈینزا سنٹر آمد کے موقع پر ہجوم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے معمر افراد اور معذوروں سے بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے اس مذہبی رسم کی اہمیت بیان کی۔ جن افراد کے پیر پوپ فرانسس نے دھوئے ان میں سب سے کم عمر 16 سالہ اوساوالڈنیو تھا جو گزشتہ سال سمندر میں غوطہ لگاتے ہوئے ریڑھ کی ہڈی کو نقصان پہنچنے پر معذور ہوا تھا۔ سب سے زیادہ عمر 86 سالہ انجلیکا کی تھی جو اعصابی بیماری کا شکار تھیں۔ لیبیا کے 75 سالہ مسلمان حماد ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے تھے۔ پوپ فرانسس معذوروں اور ضعیف العمر افراد کی طرف خصوصی توجہ دیتے ہوئے جدید معاشروں میں بوڑھے افراد کیخلاف اپنائے گئے رویئے پر تنقید کر چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن