لنڈی کوتل‘ ایف سی کی چھائونی پر حملہ ہم نے کیا: طالبان‘ آگ حادثاتی طو رپر لگی: آئی ایس پی آر

Apr 19, 2014

لنڈی کوتل+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ثناء نیوز) خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں ایف سی کی چھاؤنی پر شدت پسندوں کے حملے سے اسلحے کے ڈپو میں آگ لگ گئی۔ تین گھنٹے تک دھماکے ہوتے رہے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کالعدم تحریک طالبان کے ذیلی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ انہوں نے کیا ہے۔ لنڈی کوتل میں شدت پسندوں نے پہاڑیوں سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی چھاؤنی پر رات دو بجے کئی مارٹر گولے فائر کئے۔ اسلحہ ڈپو پر گولے گرنے سے آگ بھڑک اٹھی اور اسلحے کے ذخیرے میں زوردار دھماکے شروع ہوگئے۔ دھماکوں کی آوازیں دور تک سنی گئیں۔ آگ تین گھنٹے تک لگی رہی جس کی وجہ سے بڑی تعدار میں اسلحہ تباہ ہوگیا۔ اس پورے واقعے کے دوران ایف سی کے اہل کار محفوظ رہے۔ کچھ گولے چھائونی کے اطراف میں بھی گرے جس سے ایک بچی اور دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ کالعدم تحریک طالبان کے ذیلی گروپ عبداللہ عظام بریگیڈ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ دوسری جانب ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایف سی چھاؤنی پر کوئی حملہ نہیں ہوا بلکہ اسلحہ ڈپو میں آگ حادثاتی طور پر لگی جس کے نتیجے میں دھماکے ہوئے۔ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ لنڈی کوتل میں ایف سی کے اسلحہ ڈپو پر کسی کی جانب سے حملہ نہیں ہوا اور نہ ہی آگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان ہوا بلکہ آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق  اسلحہ ڈپو میں آگ حادثاتی طور پر لگی، اچانک لگنے والی آگ سے چھوٹے ہتھیاروں کو نقصان پہنچا اور ڈپو میں کئی دھماکے ہوئے۔

مزیدخبریں