کشمیری گیٹ: اولڈ سٹی اتھارٹی نے گھر سیل کر دیا، خاتون 4بچے محبوس

Apr 19, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) اندرون کشمیری دروازہ کوچہ راجپوتاں میں والڈ سٹی آف لاہور سٹی اتھارٹی کے عملے نے مالک مکان حکیم خان کو غیرقانونی تعمیرات کو روکنے کے لئے اس کے مکان پچیس سو سترہ ایف (2517/F) کو سیل کر دیا جس سے ایک عورت اور چار بچے مکان میں محبوس ہو کر رہ گئے جن کی چیخ و پکار سن کر اہل محلہ نے ٹی وی چینلز کو اطلاع کر دی۔ چینلز پر خبر نشر ہونے پر ڈی سی او لاہور نے اس واقعہ کا نوٹس لیا اور ڈبلیو سی ایل اے کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ محمد صفدر کو ہدایت کی کہ مکان کی سیل توڑ کر محبوس افراد کو نکالا جائے۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ عمر صفدر موقع پر پہنچے مگر اس سے پہلے عملے نے مکان کو ڈی سیل کر دیا تھا۔ محمد صفدر نے نوائے وقت کو بتایا غیرقانونی تعمیر کی شکایات اہل محلہ نے متعدد بار کی اور یقین اور بعض محلے دار ہائی کورٹ میں بھی گئے۔ ہائی کورٹ میں مقدمہ چلنے کے باوجود تعمیرات کا سلسلہ نہیں روکا۔ اس کے محکمے نے متعدد بار وارننگ دی لیکن مالک پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ محمد صفدر نے اس بات سے انکار کیا کہ خاتون اور بچوں کو محبوس ہونا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب اس کا عملہ ’’سیل‘‘ کرنے پہنچا تو تیسری منزل پر مزدور رگڑائی کر رہے تھے جنہیں باہر نکال کر عمارت کو سیل کیا گیا تاہم محلے داروں نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ کے مؤقف کو غلط قرار دیا۔ دریں اثناء بعض محلے داروں نے اس بات کی تصدیق کی کہ عمارت کے مالک اور محلے داروں میں اس عمارت کی تعمیر پر اعتراضات کے باعث تنازع چل رہا تھا۔

مزیدخبریں