مٹھی (اے پی اے) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تھر کے خشک سالی کے متاثرین کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے، تھر کو ترقی یافتہ علاقہ بنایا جائے گا، تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ مستحق خواتین کو زمین فراہم کی جائے گی۔ہر گاؤں میں کھارا پانی میٹھا بنانے کے پلانٹ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے مٹھی میں فوری طور پر 150بینظیر دسترخوان لگانے اور سندھ حکومت کو تھرپارکر میں کیڈٹ کالج، یونیورسٹی اور ووکیشنل سکول قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اوردیگر حکام کے ہمراہ تھرپارکر کا دورہ کیا اور متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قحط متاثرین سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے سول ہسپتال مٹھی کا بھی دورہ کیا، زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بھوک اور پیاس سے کسی کو مرنے نہیں دے گی۔ انہوںنے کہا کہ تھر پارکر میں لیڈی ڈاکٹرز کو دیکھ کر محسوس ہو رہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کا خواب پورا ہو رہا ہے۔ بعد میں آصف زرداری نے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے قائم کئے گئے میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے چار موبائل ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے تھر کول آفس کے قریب واقع پانی کے آر او پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ تھر کے لوگوں کو پینے کے محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام آر او پلانٹس کو چالو کیا جائے۔ بعدازاںسرکٹ ہاؤس مٹھی میںسابق صدر کی زیرصدارت اجلاس میں انہیں انتظامیہ کی جانب سے علاقے کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے حکام کو صحرائی علاقے کے دور دراز مقامات میں گندم اور دیگر امدادی سامان کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے پر پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے، اس لئے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ علاقے میں فیکٹریاں قائم کر کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ حکومت کو تھر میں کیڈٹ کالج، ووکیشنل سکول اور یونیورسٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے علاقے کی مستحق خواتین کو زمین فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
’’کسی کو بھوک سے مرنے نہیں دینگے‘‘ زرداری کا دورہ تھر، مستحق خواتین کو زمینیں دینے کا اعلان
Apr 19, 2014