ایل ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین مستقل‘ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کی منظوری‘ نندی پور پاور پراجیکٹ دسمبر تک مکمل کر لیں گے: شہباز شریف

Apr 19, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی سوچ اور عزم کے ساتھ توانائی بحران سے نمٹ رہی ہے۔ قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، توانائی منصوبوں پر برق رفتاری اور شفاف انداز سے کام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو توانائی بحران سے نجات دلائیں گے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کو محنت اور انتھک کوششوں سے دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔ 425 میگاواٹ کا نندی پور پاور پراجیکٹ دسمبر 2014ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ متعدد ملکی اور غیرملکی کمپنیوں کے تعاون سے مختلف منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ بدقسمتی سے سابق حکمرانوں نے اپنے پورے دور حکومت میں توانائی کے نئے منصوبے شروع کرنے پر توجہ نہ دی جس کی وجہ سے آج ملک و قوم شدید مشکلات کا شکار ہے۔ سابق حکمرانوں کی لالچ اور حرص کے باعث منصوبے کی مشینری ساڑھے تین برس تک کراچی پورٹ پر گلتی سڑتی رہی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نندی پور پاور پراجیکٹ کو چند ماہ میں بحال کیا ہے اور وہاں کی پہلی ٹربائن اگلے ماہ مئی کے آخر تک کام شروع کرے گی۔ ابتدائی مرحلے میں نندی پور پاور پراجیکٹ سے 100 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ایل ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے، ایل ڈی اے کی فائلوں کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے، کنسٹرکشن مینجمنٹ کمپنی، راوی زون ڈویلپمنٹ کمپنی اور لاہور واٹر اینڈ سینیٹیشن کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی ہے جبکہ 5 مرلے سے کم پلاٹ پر مقرر کردہ مدت کے اندر گھر تعمیر نہ کرنے پر جرمانہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں گلبرگ سے موٹروے تک ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے منصوبے کی بھی اصولی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے کے زیر انتظام پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں پانی کے استعمال کے حوالے سے چارجز میں اضافہ کرنے کی تجویز کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ پہلے متعلقہ محکمے عوام کو بہترین خدمات فراہم کریں ۔ یہ اہم فیصلے گزشتہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ایل ڈی اے اتھارٹی کے اجلاس میں کئے گئے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے کی سکیموں میں پلاٹوں کی فائلوںکو مرحلہ وار پروگرام کے تحت کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ایل ڈی اے کا لینڈریکارڈ ڈیجیٹل ہونے سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور جعلسازی کا خاتمہ ہوگا۔لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا پروگرام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس پروگرام کیلئے بجٹ کی بھی منظوری دی۔ اجلاس کے دوران بلڈنگ کنٹرول اور تجاوزات کے خاتمے کی ذمہ داریاں ایل ڈی اے سے واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 5 مرلہ سے کم رقبے کے پلاٹ پر مقرر کردہ مدت کے اندر گھر تعمیر نہ کرنے کا جرمانہ ختم ہونے سے کم آمدنی والے افراد کو ریلیف ملے گا۔ نئے تعمیر ہونے والے پلازوں اور ہائوسنگ سکیموں میں سولر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب لازمی قرار دے دی گئی ہے لہٰذا اس پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئے تعمیر ہونے والے پلازوں میں کارپارکنگ کیلئے مناسب جگہ رکھی جائے ۔ اجلاس میں عارضی کمرشلائزیشن کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ عارضی کمرشلائزیشن کی اجازت ہمسایوں سے این او سی لینے اور سالانہ فیس کی ادائیگی سے مشروط ہوگی۔ پلاٹ کے سائز کے مطابق کمرشل تعمیرات کی اجازت ہوگی جبکہ رہائشی پلاٹوں پر 4 منزلہ عمارت بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے ، قبل ازیں صرف 2 منزلہ عمارت بنانے کی اجازت تھی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور نہر کے اردگرد کا علاقہ شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے چنانچہ لاہور نہر پر کسی قسم کی کمرشل سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایل ڈی اے کی اراضی پر پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے سکول قائم کئے جائیں گے۔ ایسے سکولوں میں زیادہ سے زیادہ 20 ہزار روپے ماہانہ آمدن رکھنے والے افراد اور گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مختص ہوگا اور یہ بچے ان سکولوں میں قابلیت کی بنیاد پر داخلے کے اہل ہوں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ آشیانہ اقبال میں جدید طرز کے 10 ہزار گھر بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کم آمدنی والے افراد کو اپنی چھت مہیا کرنے کے عظیم الشان آشیانہ ہائوسنگ پراجیکٹ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی تنظیم نو کا حکم دیا ہے۔ وہ گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکوت عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد از جلد اور نہایت شفاف طریقے سے مکمل کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ برکی روڈ پر آشیانہ اقبال کی تعمیر کا کام تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھانے کیلئے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کمپنی کا نیا بورڈ جلد تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمپنی کو کارپوریٹ ماڈل پر چلانے کی منصوبہ بندی کی جائے اور آشیانہ اقبال کیلئے برکی سے اپروچ روڈ کی فوری تعمیر بھی یقینی بنائی جائے۔ دریں اثنا شہبازشریف سے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔ گزشتہ ساڑھے پانچ سالوں سے نیک نیتی اور دیانتداری سے پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے بڑے منصوبوں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ دریں اثنا شہبازشریف سے گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر اعجازالحق نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور قومی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

مزیدخبریں