سائبر کرائمز بل کو متنازعہ قرار دیکر رکوانے کی کوشش ، مخالفین کے اپوزیشن سے رابطے

Apr 19, 2015

اسلام آبا د (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سولہ اپریل کو ’الیکٹرانک کرائمز بل 2015‘ نامی ایک ایسے مسودہ قانون کی منظوری دی تھی جسے ماہرین متنازعہ قرار دے رہے ہیں۔ اس قانونی مسودے کو حتمی منظوری کے لیے اب وفاقی پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔اس بل کے مخالفین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ’بلڈوز‘ کر کے یہ بل پارلیمان سے منظور کرانے کی کوشش کی تو اسے ملکی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستانی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے حکام کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ملکی تاریخ میں سائبر جرائم کو روکنے کے لیے مؤثر قانون سازی تجویز کی گئی ہے۔ آئی ٹی کی وفاقی وزارت کے ترجمان صدیق وٹو کے مطابق سائبر کرائمز کے خلاف بل دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کا حصہ ہے۔ اس مجوزہ قانون کے خلاف سوشل میڈیا پر اظہار رائے کی حمایت کرنے والے سرگرم کارکنوں اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ شخصیات نے ایک مشترکہ ایکشن کمیٹی بھی بنا رکھی ہے۔ انٹرنیٹ کی آزادی کے لیے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس قانون کا اصل مقصد سوشل میڈیا پر ہونے والی سیاسی تنقید کا راستہ بند کرنا ہے۔انٹرنیٹ کی آزادی کے لیے فعال ایک تنظیم ’بولو بھی‘ کی ڈائریکٹر فریحہ عزیز کا کہنا کہ حکومت نے اس بل کی تیاری میں عجلت سے کام لیتے ہوئے متعلقہ فریقین کو مشارتی عمل میں شامل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا، ’’اس قانون کے تحت سیاسی مزاح یا تنقید بھی جرم تصور ہو گی۔ آزادی اظہار پر ایسی قدغن کی کوئی بھی کوشش جمہوری کہلانے والی حکومت پر دھبہ ہوگی۔‘‘مشترکہ کمیٹی کے ایک اور رکن اور انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی نجی کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم کے صدر وہاج السراج کا کہنا ہے کہ اس بل کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ حزب اختلاف کی جماعتوں کے منتخب ارکان سے رابطے بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ ایک ایسا قانون ہے جس کے منفی سماجی اثرات تو ہیں ہی، لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس کا عمومی کاروبار پر بھی بہت برا اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ پر کیے جانے والے جرائم کے خلاف قانون سازی ضرور ہونی چاہیے لیکن حکومت کو اس عمل میں متعلقہ شعبے اور اس کے نمائندوں کی شرکت بھی یقینی بنانا چاہیے۔

مزیدخبریں