لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن میں ساری جماعتیں مسلم لیگ ن کے خلاف نہیں گئیں بلکہ وہ ایک دوسرے کے خلاف گئی ہیں خیبر پی کے میں جے یو آئی کی (ف) اور اے این پی کے الزامات تحریک انصاف کے خلاف ہیں، کمشن کے روبرو، انتخابی دھاندلیوں کے الزامات کو ثابت کرنا عمران کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے جس میں وہ ناکام رہیں گے۔ عمران کو الیکشن ٹربیونلز میں منہ کی کھانی پڑی ہے اور جوڈیشل کمشن میں بھی ناکامی انکا مقدر ہو گی۔ سردار ایاز صادق اور میرے متعلق پٹیشنز کے فیصلے آنیوالے ہے جس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا، بلدیاتی الیکشن میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی قابل تحسین لیکن وزیراعظم، وزرا ذاتی حیثیت میں بھی کسی کیلئے ووٹ نہیں مانگ سکتے، بنیادی حقوق کیخلاف، منافی اور خلاف آئین ہے۔